ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / شیرور توحید پبلک اسکول میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات اور ثقافتی پروگرام کا مظاہرہ

شیرور توحید پبلک اسکول میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات اور ثقافتی پروگرام کا مظاہرہ

Tue, 25 Dec 2018 14:37:45    S.O. News Service

شیرور :25؍ڈسمبر (ایس او نیوز)  توحید پبلک اسکول شرور میں24ڈسمبر 2018بروز پیر کو اسکول کی سالانہ انعامی تقریب منعقد کرتےہوئے سال بھر میں مختلف مقابلہ جات میں شریک ہوکر اول ، دوم ، سوم مقام حاصل کئے طلبا کے درمیان مہمانوں کے ہاتھوں  انعامات تقسیم کئے گئے۔

انعامی تقریب میں طلبا کی طرف سے حمد، نعت، مختلف عناوین پر تقاریر، حفظ حدیث ، اسماء حسنیٰ جیسے بامعنی ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ خاص کر نماز کی اہمیت پر ناخدا زبان میں طلبا نے خوبصورت انداز میں مکالمہ پیش کرتےہوئے بتایاکہ بچے زیادہ تر موبائیل اورکھیل کود میں مگن رہتے ہوئے نمازسے غفلت برتتے ہیں۔ ان کی کیسے تربیت کی جاتی ہے اور انہیں کس طرح نماز کی طرف رغبت دلائی جاتی ہےمعصوم فن کارروں نے بہت ہی حسین اندازمیں پیش کیا تو جلسہ میں شریک تمام لوگ لطف اندوز ہونےکے ساتھ ساتھ مکالمہ کے پیغا م سے متاثر بھی ہوئے ۔ اس کے علاوہ گھر میں روزانہ ساس بہو کے جھگڑوں سے ہونے والی خاندانی سکون کی تباہی پر بھی دلچسپ مکالمہ پیش کیا گیا۔

تقریب میں شریک مہمانِ خصوصی مولانا منور پیشمام نے معصوم طلبا و طالبات کے حسین مظاہروں پر دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکبادی پیش کی۔ انہو ں نے کہاکہ گرچہ یہ ایک اسکول کا پروگرام ہے مگر پورے پروگراموں کا نظارہ  مدرسے  کی یاد دلا رہاتھا۔ انہوں نے والدین سے کہاکہ بچوں کے دلوں میں اللہ کی معرفت، عظمت و قدرت نقش کرنے اور اللہ کے نبی ﷺ کی محبت و تعلیمات سے روشناس کرانے کی اپیل کی اور کہاکہ اگر ہم ایسا کریں گے تو مستقبل میں ہمارا بچہ ایک اسلامی سپاہی کے طورپر اپنا وجود ثابت کرے گا۔ اُپلا سے تشریف لائے مہمان مولانانظام الدین نے قرآن وحدیث کی روشنی میں علم دین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مولوی مفتی ثاقب شیروری ندوی نے ادارے اور طلبا کے متعلق ستائشی کلمات پیش کئے۔

جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے نائب صدر عنایت اللہ میڈیکل نے ادارے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ توحید اسکول کے  طلبا و طالبات میں دینی شعور بیدار کرنے اور انہیں دین پر قائم رکھنے کے لئے اول دن ہی سے دینی تعلیم کو اہمیت دیتے ہوئے  اسکول کی سطح پر مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ سال بھر طلبا کے درمیان مختلف مقابلہ جات کا اہتمام کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوزاجاتاہے۔اس موقع پر انہوں نے طلبا کو مفید ہدایات سے بھی نوازا۔ مولانا ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی کے دعائیہ کلمات سے تقریب کا اختتام ہوا۔ ڈائس پر مینجر عبدالشکور موجود تھے۔اس موقع پر حاضرین کے لئے تواضع کا اہتمام کیاگیا تھا۔

تقریب کا آغاز عباد سنیم کی تلاوت قرآن سے ہوا تو بشری نے ترجمہ پیش کیا۔ ہادیہ نے استقبالیہ اور آفرین نے شکریہ اداکیا تو سمعان اور مفیض نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ اسکول کی صدر مدرسہ ، معلمات برائے دینیات اور مولانا عبدالعلیم ندوی ، مولوی روح الامین برماور ندوی کی کاوشوں سے پروگرام کامیاب رہا۔


Share: